نیویارک (پی این آئی) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی، برطانوی خام تیل کی قیمت 73 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 68 ڈالرز ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل کی قیمت ایک مرتبہ پھر 70 ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئی، جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ہوئی۔ عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل مزید سستا ہو کر 73.84 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔ جبکہ امریکی خام تیل 68.12 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد عالمی مارکیٹ میں ایک سال قبل تیل کی فی بیرل قیمت 130 ڈالرز کی سطح کو بھی چھو گئی تھی، جو اب کم ہو کر 70 ڈالرز کی سطح سے نیچے آ چکی۔ تاہم پاکستان سمیت کئی ممالک کی کرنسی کی قدر گزشتہ ایک سال میں کم ہوئی۔
اسی باعث ان ممالک کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا کوئی خاص فائدہ نہ ہو سکا۔ تاہم اب پاکستان کی حکومت کی جانب سے دعوٰی کیا جا رہا ہے کہ روس سے سستے تیل کی خریداری کے بعد پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات سستی ہو جائیں گی۔ اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی خام تیل پاکستان پہنچنے کے بعد یکم جولائی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 سے 40 روپے فی لیٹر تک کی کمی کا امکان ہے۔ روس سے آنے والے تیل کی جہاز سے آف لوڈنگ اور اسٹوریج ڈسچارجنگ کا عمل مکمل ہو چکا۔ پاکستان اور روس کے درمیان ابتدائی طور پر 1 لاکھ بیرل تیل کا معاہدہ طے ہوا ہے، پہلی کھیپ کے نتائج کے بعد 7 لاکھ بیرل تیل پاکستان آئے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی تیل آنے سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یکم جولائی سے 40 روپے تک کی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ روس سے آنے والے 45 ہزار ٹن تیل کی پہلی کھیپ پی آر ایل ریفائنری میں ریفائن ہوگی۔ آئندہ 2 ہفتوں تک روسی تیل مارکیٹ میں فروخت ہونے کیلئے دستیاب ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں