سونے کی فی تولہ قیمتوں میں بڑی کمی ہوگئی

کراچی (پی این آئی) ملک میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے بعد سونے کی قیمت میں بھی کمی بیشی کا سلسلہ جاری ہے، سونے کی فی تولہ قیمت کم ہوکر2 لاکھ 31 ہزار400 روپے ہوگئی۔ کراچی صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں ایک تولہ سونے کے بھاؤ میں ایک ہزار600 روپے کمی ہوگئی ہے۔

جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت کا بھاؤ دو لاکھ 31 ہزار 400 روپے ہوگیا ہے۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 371 روپے کمی ہونے کے ساتھ دس گرام سونے کے نرخ کم ہوکر ایک لاکھ 98 ہزار388 روپے ہوگئے ہیں۔ یاد رہے عالمی مارکیٹ میں سونا 27 ڈالر کمی کے ساتھ 1948 ڈالر فی اونس کا ہوگیا ہے۔ دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر 11 روپے سستا ہو گیا ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 10 پیسے سستا ہو اجس سے ڈالرکی قیمت فروخت 285.70 روپے سے گھٹ کر285.60 روپے ہو گئی جبکہ 11 روپے کی کمی سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر311 روپے سے گھٹ کر300 روپے پر آ گئی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق زیر تبصرہ مدت میں یورو کی قدر میں 11.50روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت فروخت 335.50 روپے سے کم ہو کر324 روپے ہو گئی اسی طرح 11.60 روپے کی نمایاں کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 385 روپے سے کم ہو کر374 روپے پر آگئی۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ یورو کی قدر میں 7 روپے اور برطانوی پونڈ کی قدر میں6 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مزید برآں ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے مئی کے دوران 25 ارب 79 کروڑ ڈالر تجارتی خسارہ رہا جبکہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے کے دوران تجارتی خسارہ 43 ارب 40 کروڑ ڈالر تھا۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے مئی برآمدات25 ارب 36 کروڑ ڈالر اور درآمدات 51ارب ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی نسبت 12.14فیصد کم ہوئیں۔

close