پاکستان میں بڑی کارساز کمپنی کا پلانٹ مکمل بند کرنے کا اعلان

کراچی(پی این آئی)کاریں بنانے والے معروف کمپنی انڈس موٹرز نے اپنے پلانٹ مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک میں ڈالرز کی قلت اور ایل سیز نہ کھلنے کی وجہ سے بڑی صنعتیں بھی بدترین معاشی بحران کا شکار ہوگئیں۔ترجمان انڈس موٹرزکے مطابق انڈس کمپنی نے 3 سے 8 جون تک پلانٹ مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے انڈس کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو بھی خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے۔

انڈس موٹرز نے اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں آگاہ کیا ہے کہ موجودہ ملکی معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے 3سے 8 جون تک چار روز کے لیے اپنا پلانٹ مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان کے مطابق کمپنی کو خام مال کی سپلائی میں شدید پریشانی کا سامنا ہے اور ایل سیز کھولنے میں مشکلات سے بھی سپلائی چین شدید متاثر ہے۔اس کے علاوہ انڈس موٹرز کمپنی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کے پاس پروڈکشن کیلئے مناسب انوینٹری موجود نہیں ہے۔واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ملک کے بڑے صنعتی شعبہ کی پیداوار میں تشویش ناک حد تک 9 فیصد سے زائد کی کمی ہوچکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close