کراچی (پی این آئی) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے باوجود پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوگئی ہے، سونے کی فی تولہ قیمت کم ہوکر2 لاکھ 29 ہزارروپے ہوگئی۔
کراچی صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے بعد سونے کی قیمت میں بھی کمی بیشی کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک میں ایک تولہ سونے کے بھاؤ میں 5 ہزار400 روپے کمی ہوگئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت کا بھاؤ دو لاکھ 29 ہزار روپے ہوگیا ہے۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں4 ہزار 629روپے کمی ہونے کے ساتھ دس گرام سونے کے نرخ کم ہوکر ایک لاکھ 96 ہزار331 ہوگئے ہیں۔ یاد رہے عالمی مارکیٹ میں سونا 7 ڈالر بڑھ کے ساتھ 1967 ڈالر فی اونس کا ہوگیا ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کو ریورس گیئر لگ چکا ہے،اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 16 روپے کم ہو گئی،اوپن مارکیٹ میں ڈالر 300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔جبکہ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ ہوا،اوپن مارکیٹ میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 12 پیسہ اضافہ سے 285.35 روپے سے بڑھ کر285.47 روپے کی سطح پر آ گئی تھی۔ اسی طرح ملک بوستان کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں آج پہلی بار ڈالر کی قیمت میں 27 روپے کمی ہوئی ہے۔
چیئرمین پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا ہے کہ کمرشل بینک کافی عرصے سے اوپن مارکیٹ سے کریڈٹ کارڈ کیلئے ڈالر ہائی ریٹ پر خرید رہے تھے،اوپن مارکیٹ میں ڈالر 315 روپے کا ہوا تو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مجھ سے رابطہ کیا۔اسحاق ڈار نے مجھ سے پوچھا کہ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا فرق اتنا کیوں ہو گیا،میں نے بتایا کہ کمرشل بینک کریڈٹ کارڈ کیلئے ڈالر خرید رہے ہیں۔ ملک بوستان کا کہنا تھا کہ کمرشل بینکوں کے ڈالر خریدنے سے اوپن مارکیٹ میں اثر پڑا ہوا ہے،بروقت فیصلوں پر اسحاق ڈار اور گورنر اسٹیٹ بینک کو مبارکباد دیتا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں