اکتوبر ، نومبر تک آئی ایم ایف نہ آیا تو ڈیفالٹ سامنے ہے، مفتاح اسماعیل نے پھر بری خبر سنا دی

کراچی(آئی این پی) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے خبردار کیا ہے کہ اگر اکتوبر اور نومبر تک آئی ایم ایف نہ آیا تو ڈیفالٹ سامنے ہے۔ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹ کے وفد سے ملاقات کی ، جس میں انھوں نے ملکی موجودہ معاشی صورتحال ، مسائل اور ان کا حل پیش کیا۔سابق وزیر خزانہ نے تجویز دی کہ پاکستان کو فوری طور پر آئی ایم ایف پروگرام کو بحال کرنا ہوگا، پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ ڈیفالٹ کا ہے، اگر میں وزیر خزانہ ہوتا تو بجٹ کو اس طرح بناتا کہ ملک ڈیفالٹ سے بچ جائے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اکتوبر اور نومبر تک آئی ایم ایف نہیں آیا تو ڈیفالٹ کے امکانات بہت بڑھ جائیں گے، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی میں کافی تاخیر ہوگئی ہے۔شاہد خاقان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ شاہد خاقان جس سیاسی جماعت میں ہوں گے میں بھی اسی جماعت میں ہوں گا، شاہد خاقان ایک صاحب علم اور بصیرت انسان ہے وہ غلط فیصلہ نہیں کرے گا۔روپے کی گرتی ہوئی قدر سے متعلق سابق وزیر نے کہا کہ روپے کی قدر کو ڈی ویلیو ہونے دیں اس کو نہ روکیں ، بروقت فیصلے نہ ہونے کی وجہ سے ملکی معیشت گرداب میں پھنسی ہے۔مفتاح اسماعیل کا نگراں سیٹ اپ آفر کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے نگراں سیٹ اپ میں کوئی آفر نہیں دی گئی ہے، نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے صرف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close