اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی بجٹ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن پر 10 فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد کیے جانے کا امکان ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق گاڑیوں کی قیمت کی بنیاد پر نان فائلرز پر ایڈوانس ٹیکس میں 10سے 35فیصد اضافہ کی تجویز زیر غور ہے۔
آر ایم ایم سی کمیٹی نےگاڑیوں کے انجن کی استعداد کے بجائے قیمت کی بنیاد پر ایڈوانس ٹیکس عائد کرنے کی بڑی تجویز دی ہےجبکہ پہلے گاڑیوں کی انجن کی استعداد کی بنیاد پر ایڈوانس ٹیکس عائد کیا جاتا تھا۔ انفرادی شخص کےلیے 10فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ریسورس اینڈ ریونیو موبولائنزیشن کمیشن نے ایف بی آر کو تجویز دی ہےکہ گزشتہ تین سال سے ایکٹو ٹیکس پیئر فہرست میں شامل کارپوریٹ سیکٹر کی ایک کروڑ روپے مالیت کی گاڑی پر 2فیصد ایڈوانس ٹیکس اور نان کارپوریٹ سیکٹر کی گاڑی پر 3فیصد ٹیکس عائد کیاجائے ۔ خیال رہے کہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 1000 سی سی گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 70 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آل پاکستان آٹو مینوفکچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی سے اپریل تک کی مدت میں 1000 سی سی پاور کی 11 ہزار 531 یونٹس موٹر کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ اعدادوشمار گزشتہ سال کے مقابلے میں 70 فیصد کم ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران جولائی سے اپریل تک 1000 سی سی گاڑیوں کے 38 ہزار 170 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ مالی سال صرف مارچ میں ملک بھر میں 1000 سی سی گاڑیوں کے 964 یونتس فروخت ہوئے جبکہ اپریل میں 276 یونٹس کی فروخت ریکارڈ ہوئی جو مارچ کے مقابلے میں 71 فیصد کم ہے۔ اسی طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال اپریل کے مہینے میں 1000 سی سی گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 92 فیصد کمی دیکھی گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق گاڑیوں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر50 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں