بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد، نیپرا نے عوام کو ریلیف دیدیا

کراچی ( پی این آئی) نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کی وفاقی حکومت کی درخواست مسترد کردی، اہل کراچی کیلئے بجلی 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کی وفاقی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔

حکومت نے اہل کراچی کیلئے بجلی 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی تھی، نیپرا نے وفاقی حکومت کی درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلے کے مطابق نیپرا سہ ماہی ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں سے متعلق فیصلے دی چکی ہے، وفاق کی بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق موجودہ درخواست مناسب نہیں، وفاقی حکومت کی درخواست میں ابہام پائے جاتے ہیں۔ دوسری جانب ملک بھر میں موسم گرما کی شدت میں گزشتہ چند روز کے دوران یکدم اضافہ ہونے کے بعد سے بجلی کی طلب میں بھی بڑا اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں موسم گرما کا سیزن اپنے عروج کے قریب ہے، تاہم اس کے باوجود ملک میں بجلی کی پیداوار ضرورت سے کہیں کم ہے۔ اس وقت ملک میں بجلی کی مجموعی پیدوار 20 ہزار میگاواٹ سے بھی کہیں کم ہے، جس کی وجہ سے شارٹ فال میں ہزاروں میگاواٹ کا اضافہ ہو گیا۔ گزشتہ چند روز کے دوران گرمی بڑھتے ہی ملک میں بجلی کی طلب میں 7ہزار میگاواٹ اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں اس وقت بجلی کی پیداوار تقریباً 17ہزار میگاواٹ ہے جبکہ طلب 21ہزار میگاوٹ تک پہنچ گئی۔ چند ہی دنوں میں بجلی کی طلب 14ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر 21ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے، یوں اس وقت بجلی کا شارٹ فال تقریباً 4 ہزار میگاواٹ ہے۔

بجلی کی طلب میں اضافے جبکہ پیدوار میں کمی کے باعث لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت شہری علاقوں میں اوسط 2 سے 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے تاہم دیہی علاقوں خاص کر لائن لاسز والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طلب میں اضافہ ہونے کے باوجود ملک میں بجلی کی پیداوار کم ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں بجلی کی طلب مزید بڑے گی، یوں بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث عوام کو کئی کئی گھنٹے طویل لوڈ شیڈنگ کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔ اس حوالے سے اے آر وائی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے بتایا کہ رواں اپریل میں موسم معمول سے کم گرم رہنے کی وجہ سے بجلی کی طلب نہیں بڑھی تھی، تاہم اب گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ بجلی کی طلب میں بھی نمایاں اضافہ ہو چکا، یوں آنے والے دن بہت مشکل ہوں گے، جبکہ لوگوں کو بجلی کے بہت بھاری بھاری بل بھی موصول ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close