کپاس کی کم ازکم امدادی قیمت 8500 روپے مقرر، کاشتکاروں کو پانی، بیچ، کھاد سمیت کسی چیز کی کمی نہیں آنے دینے کا اعلان

لاہور( آئی این پی)نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کپاس کی بوائی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ محسن نقوی نے کپاس کی بوائی اور پیداوار کا ٹارگٹ ہر صورت حاصل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کپاس کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروں کو نقد انعامات دیئے جائیں گے اورکپاس کی بوائی کا ہدف حاصل کرنے پر متعلقہ عملے کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو پانی، بیچ،کھاد سمیت کسی چیز کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔وزیراعلی محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی بوائی کا ٹارگٹ بھی حاصل کرنا ہے اور فصل کی مکمل دیکھ بھال بھی ضروری ہے -نگران وزیراعلی محسن نقوی نے صوبہ بھر میں پانی چوری کے واقعات کی روک تھام کا حکم دیا اورکپاس کی فصل کیلئے درکار پانی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے صوبہ بھر میں جعلی ادویات اوربیچ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں سٹیلائٹ کے ذریعے کراپ سروے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔محسن نقوی نے کہا کہ کپاس کی کم ازکم امدادی قیمت 8500روپے مقرر کی گئی ہے۔پنجاب میں کپاس کی بوائی کا ہدف حاصل کرنا ہمارا مشن ہے۔کپاس کی فصل صوبے اورکاشتکار کیلئے معاشی گیم چینجرثابت ہوسکتی ہے۔معروف صنعت کار و اپٹما رہنما گوہر اعجاز،فواد مختار،چیف سیکرٹری، سیکرٹریز زراعت، خزانہ، آبپاشی اورمحکمہ زراعت کے حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرزاورزرعی ماہرین ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں