نیویارک (پی این آئی) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں، برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 72 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 68 ڈالرز تک گر گئی، امریکا میں شرح سود بڑھنے کی وجہ سے قیمتوں میں کمی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں شرحِ سود بڑھنے سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بڑی کمی دیکھی گئی ہے۔امریکی ڈبلیو ٹی آئی 3.50 ڈالر سستا ہوکر فی بیرل قیمت 68.60 پر آگئی ہے جبکہ برطانوی خام تیل 3 ڈالر سستا ہوجانے کے بعد 72.30 ڈالرز کی سطح تک آ گیا۔ گزشتہ روز امریکی ڈبلیو ٹی آئی 3.94 ڈالر سستا ہو کر فی بیرل قیمت 71.71 ڈالر پرآیا تھا جبکہ برطانوی برینٹ 4 ڈالر کے قریب سستا ہونے کے بعد 75.40 ڈالرز کا ہو گیا تھا۔
یاد رہے کہ امریکی مرکزی بینک نے شرحِ سود میں مزید 0.25 فیصد اضافہ کردیا ہے جس کے بعد امریکا میں شرحِ سود بڑھ کر5.25 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔امریکا میں شرح سود 16 سال میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے تین امریکی بینک دیوالیہ ہو چکے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شرح سود میں اضافے اور چین میں پیداواری صلاحیت پر اثرات کے باعث تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ امریکی فیڈرل ریزرو کی طرف سے شرح سود میں ممکنہ اضافے اور چین میں پیداواری صلاحیت سے اقتصادی اثرات پر تشویش کے باعث اوپیک پلس کی سپلائی میں رواں ماہ سے لاگو ہونے والی نئی کٹوتیوں کی وجہ سے تیل کی قیمت میں کمی آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکی ڈالر میں کئی کرنسیوں کے مقابلے اضافہ ہوا جس کی وجہ سے دیگر کرنسی والے ممالک کے لیے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے، اسی لیے یہ ممالک تیل کی خریداری کے معاملے میں محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
یہاں یہ واضح رہے کہ یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد عالمی مارکیٹ میں ایک سال قبل تیل کی فی بیرل قیمت 130 ڈالرز کی سطح کو بھی چھو گئی تھی، جو اب کم ہو کر 80 ڈالرز کی سطح سے نیچے آ چکی۔ تاہم پاکستان سمیت کئی ممالک کی کرنسی کی قدر گزشتہ ایک سال میں کم ہوئی، اسی باعث ان ممالک کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا کوئی خاص فائدہ نہ ہو سکا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں