سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

لاہور (پی این آئی) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سونے کی فی تولہ قیمت سوا 2 لاکھ روپے سے اوپر چلی گئی، ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ قیمت ہزاروں روپے بڑھ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سونے کی فی تولہ قیمت سوا 2 لاکھ روپے کی سطح بھی عبور کر گئی۔بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت29ڈالرز اضافے سے 2044 ڈالرز کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمت2600روپے اضافہ سے 2 لاکھ 25 ہزار 300روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 2229 روپے اضافہ سے 1 لاکھ 93 ہزار158 روپے کی بلند ترین سطح پر رہی۔

جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت120روپے اضافہ سے 2870روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ موجودہ حکومت کے ایک سال میں سونے کی فی تولہ قیمت میں تقریباً 96 ہزار روپے کا اضافہ ہو چکا۔ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت کی جانب سے جب گزشتہ سال اپریل میں اقتدار سنبھالا گیا، تو اس وقت ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 29 ہزار روپے تھی۔ معاشی ماہرین کے مطابق روپے کی بدترین تنزلی سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافے کی بڑی وجہ ہے۔ جبکہ دوسری جانب بدترین تنزلی کا شکار پاکستانی روپیہ بھی تاحال بدحالی کا ہی شکار ہے۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 6 پیسے کمی واقع ہوئی جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 283 روپے 82 پیسے کا ہوگیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close