صنعتکار برادری نے عید الفطر پر غیر ضروری تعطیلات کو مسترد کر دیا، حکومت سنگین معاشی بحران کے پیش نظر زائد چھٹیوں کے فیصلے پر نظر ثانی کرے، اسماعیل ستار

کراچی (پی این آئی) سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم اے پی) کے چیئرمین اسماعیل ستار نے عید الفطر پر غیر ضروری تعطیلات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب ملک کو شدید معاشی بحران کا سامنا ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے عید الفطر پر 5 دن کی تعطیلات انتہائی غیر دانشمندانہ فیصلہ ثابت ہے جس پر ضرور نظرثانی کی جانی چاہیے۔

اسماعیل ستار نے ایک بیان میں کہا کہ عید مسلم برادری کے لیے جشن کا دن ہے خاص طور پر اپنے پیاروں کے ساتھ اکٹھے ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے تاہم اس موقع کے ساتھ بہت زیادہ تعطیلات کو جوڑنا پاکستان کے موجودہ معاشی بحران کے پیش نظر فی الوقت بالکل غیر مناسب ہے۔ ہم مالی لین دین کو کسی بھی اضافی دنوں کے لیے روکے رکھنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔انہوں نے حد سے زیادہ چھٹیوں کے باعث پرائیویٹ سیکٹر کو ہونے والے کاروباری نقصان کے بارے میں سالٹ مینوفیکچررز اور ایکسپورٹرز کمیونٹی کی جانب سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ حکومت نے صنعتکاروں کی تجاویز کو خاطر میں لائے بغیر ازخود ایک اور اہم فیصلہ کرلیا۔اگرچہ اس مبارک موقع پر اپنے شہروں اور گھروں کو واپس جانے کے خواہشمند سرکاری ملازمین کے لیے یہ انتہائی خوش کن خبر ہے تاہم موجودہ سنگین معاشی صورتحال میں ہم بے جا تعطیلات کے کسی صورت بھی متحمل نہیں ہوسکتے خاص طور پر نجی شعبے کے لیے جو اس وقت ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معمول کے امور باالخصوص برآمدات اور بینک کلیئرنس سے متعلق سست پڑ جاتے ہیں جس کی وجہ سے بہت سے تجارتی لین دین کو روک دیا جاتا ہے جس سے ادائیگیوں میں تاخیر ہوتی ہے جس سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کے لیے زیادہ چھٹیوں کا فیصلہ واپس لینا ممکن نہیں تو نجی شعبے پر اس فیصلے کو لاگو نہیں ہونا چاہیے۔ہمیں اب سنجیدگی اختیار کرنا ہوگی اور مختصر مدت کے لیے عوام کو خوش کرنے کے لیے مبہم فیصلے کرنا بند کرنا ہوں گے۔ اسماعیل ستار نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ فیصلے میں جلد از جلد نظرثانی کرے تاکہ پاکستان کی معیشت کو مزید نقصان نہ پہنچے۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close