اسلام آباد(پی این آئی) دولت کے عالمی پیمانے کے طور پر سونا جلد ہی اپنی قدیم حیثیت کھو سکتا ہے۔ یہ دعویٰ معروف مالیاتی ادارے اور انوسٹمنٹ بینکنگ کمپنی ’’گولڈ مین سیچز‘‘ کے مبصرین نے کیا ہے۔ روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق مبصرین نے کہا ہے کہ جدید دور میں سونے کی جگہ بٹ کوائن لے سکتا ہے۔ صارفین کو بھیجے گئے اپنے ایک ریسرچ نوٹ میں گولڈ مین سیچز کے مبصرین کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ کرپٹو کرنسیاں اور ڈیجیٹل اثاثہ جات اپنی قدر میں اضافہ کر رہے ہیں جبکہ سرمایہ کار بھی تیزی کے
ساتھ ایسے اثاثہ جات میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ 2022ء کیلئے کی گئیں پیش گوئیوں کی فہرست میں گولڈ مین سیچز کے اینالسٹ زیک پینڈل کا کہنا تھا کہ غالب امکان ہے کہ بٹ کوائن رواں سال عالمی سطح پر دولت کے حصے کے طور پر سونے سے زیادہ اہم مقام حاصل کر لے گا۔ اس وقت کرپٹو کرنسیوں کا مارکیٹ شیئر 700؍ ارب ڈالرز ہے جبکہ عالمی سطح پر سونے کا شیئر 2.6؍ کھرب ڈالرز ہے۔ ریسرچ نوٹ میں لکھا ہے کہ اگر ایک بٹ کوائن کی قیمت ایک لاکھ ڈالر ہوگئی تو یہ عالمی مارکیٹ کا پچاس فیصد شیئر بن سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں