اسلام آباد (پی ا ین آئی)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ پاکستان کو چین سے قرضے کی نئی قسط آج ملے گی۔وزیر خزانہ کے مطابق چین سے قرضے کی قسط 30 کروڑ ڈالر کی ہوگی۔ دوسری جانب وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے آئی ایم ایف کو ایک ارب ڈالر امداد کی تصدیق کر دی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ایک ارب ڈالر مالی امداد کی تصدیق کر دی،
یو اے ای حکام نے آئی ایم ایف کو بھی آگاہ کردیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطے میں ہے، ایک ارب ڈالر جمع کرانے کیلئے دستاویز کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔دوسری جانب اب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے اسٹاف لیول معاہدہ ہونے میں صرف سعودی عرب کی تصدیق باقی ہے۔وزارت ِخزانہ کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز کی فنانسگ اگلے ہفتے متوقع ہے۔
وزارت ِخزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب سے تصدیق کی بعد آئی ایم ایف کی بیرونی فنانسگ کی شرائط پوری ہو جائیں گی۔خیال رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) نے پاکستان کیساتھ جلد سٹاف لیول معاہدے کی یقین دہانی کرادی ہے۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان گزشتہ روز ایک اوراہم ورچوئل اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی قیادت وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کی جبکہ وزارت خزانہ، اقتصادی امورکے سیکرٹریز اور گورنر سٹیٹ بینک واشنگٹن سے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ڈپٹی ایم ڈی آئی ایم ایف اینٹونیٹ منیسہ نے پاکستان کی معاشی صورتحال اوراصلاحات پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کے پیشگی اہداف پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایم ایف کی ڈپٹی ایم ڈی نے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے سٹاف لیول معاہدے پر جلد دستخط کا یقین ظاہر کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں