دنیا میں کرنسی تبدیلی کی لہر، پاکستان کو مشورہ دے دیا گیا

لاہور(آئی این پی) لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے پیٹرن ضیاء حیدر رضوی نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کی نظریں پاکستان کے معاشی ، سیاسی اور آئینی بحران پر مرکوز ہیں ، سیاستدان اپنی اپنی اناء اور ضد کو چھوڑکر مذاکرات کی میز پر بیٹھیں تاکہ ملک کی کشتی کو منجدھار سے نکالا جا سکے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ دنیا میں کرنسی تبدیلی کی لہر آرہی ہے جس سے پاکستان کو فائدہ اٹھانا چاہیے ،چائنہ نے اپنی کرنسی کو دنیا میں تجارتی لین دین کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے جس کی مثال سعودی عرب،ایران،روس اوربرازیل جیسے حالیہ معاہدے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ دنیا میں تھانیداری کی جنگ سے پاکستان کو بھرپور طریقے سے فائدہ اٹھانا چاہیے لیکن اس کی حکمت عملی مرتب کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پر انحصار کی پالیسی کو جتنی جلد ہو سکے ختم کیا جائے ،غیر ملکی قرضوں سے نجات کے لیے ریٹرن آف لون اکائونٹ کا شفاف اجرا ء ہونا چاہیے ،آج بھی چند پاکستانی مل کر سارے ملک کا قرض اتار سکتے ہیں اس صورتحال میں صرف انہیں اعتماد دینے کی ضرورت ہے ۔انہو ںنے کہا کہ معاشی جنگ میں ہمارے ہمسائے ہم سے آگے جا رہے ہیں اور پاکستان پیچھے کی جانب گامزن ہے جس کا ہمیں ادراک کرنا چاہیے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close