گیس ٹیرف میں 112فیصد اضافہ، صرف چولہا جلانے کا بل بھی ہزاروں روپے ادا کرنا ہوگا

لاہور (پی این آئی) اب صرف چولہا جلانے کا بھی ہزاروں روپے بل دینا ہو گا، سوئی ناردرن کمپنی کی جانب سے گیس ٹیرف میں 112 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا۔

 

 

تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں گیس سپلائی کرنے والی کمپنی سوئی ناردرن نے گیس صارفین کیلئے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا۔ سوئی ناردرن گیس کا نیا ٹیرف یکم جنوری 2023 سے نافذ کر دیا گیا ہے۔سوئی گیس حکام کے مطابق مختلف سلیبز پرٹیرف مرحلہ وار 8 سے 112 فیصد تک بڑھایا گیا ہے، گیس نرخوں میں بقایاجات وصولی کا اطلاق بھی رواں ماہ سے شروع ہوگیا ہے۔ سوئی گیس حکام کے مطابق بقایا جات کی رقم کے ساتھ بل گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کوبھجوائے جارہے ہیں۔ جس صارف کا بل 871 روپے تھا اب بقایا جات کے ساتھ 2 ہزار900 روپے ہوگیا۔سوئی گیس حکام کے مطابق نومبر سے فروری کے دوران گیس ہیٹر اور گیزر استعمال کرنے والے کئی گنا زائد بل دیں گے، نئے بلوں میں 4 اقساط کے بقایاجات بھی وصول کیے جائیں گے، اس کے علاوہ نئے گیس ٹیرف میں پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کی کیٹیگری متعارف کرائی گئی ہے۔

 

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق گیس قیمتوں میں نئے اضافے کے بعد اب جو صارفین گھروں میں محض چولہا جلانے کیلئے گیس استعمال کرتے ہیں، انہیں اب اس معمولی استعمال کیلئے بھی ہزاروں روپے کا بل دینا ہو گا۔ جبکہ اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت نے تمام گھریلو گیس صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کر دیے ہیں۔ اس فیصلے کے تحت گیس استعمال نہ کرنے کی صورت میں بھی ہر صارف کو ہر ماہ 500 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ پروٹیکٹڈ صارفین کو ماہانہ 50 روپے فکسڈ چارجز جبکہ جبکہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کو ماہانہ 500 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں