ڈالر دھڑام سے نیچے آگرا، ایک ہی دن میں قدر میں بڑی کمی ہوگئی

کراچی(پی این آئی) لمبی اڑان کے بعد ڈالر کی قیمت کو ریورس گیئر لگ گیا۔امریکی ڈالر کئی روز اڑان بھرنے کے بعد آج نیچے آ گیا۔ انٹربینک میں ڈالر 3 روپے 3 پیسے سستا ہو گیا۔ڈالر انٹربینک میں 284 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 50 پیسے سستا ہونے کے بعد 294 روپے کا ہو گیا۔

 

 

رواں ہفتے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ کا سلسلہ جاری تھا۔انٹر بینک میں ڈالر287 اور اوپن مارکیٹ میں292 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر2.25روپے اضافہ سے 285.04روپے سے بڑھکر287.29روپے کی سطح پر آگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر287سے بڑھ کر 292روپے کی سطح پر پہنچ گیا،دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت فروخت 6 روپے اضافہ سی 316 راپے اور برطانوی پاؤنڈ کی قیمت فروخت7روپے اضافہ سی361روپے ریکارڈ کی گئی۔کرنسی مارکیٹ ڈیلروں کے مطابق پاکستان میں سیاسی بحران کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے دو دن سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ کیا۔دوسری جانب بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مارچ 2023 میں ملک میں اشیائے خورد و نوش کی مہنگائی 50 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ مجموعی سالانہ مہنگائی کی شرح 35 فیصد سے زائد رہی، جو ملکی تاریخ میں مہنگائی کی سب سے بلند ترین شرح ہے۔جبکہ پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایک سال میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں 200 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

 

 

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مارچ میں مہنگائی کی شرح میں3.72فیصد کا اضافہ ہوا ، یوں گزشتہ ماہ میں افراط زر کی شرح 35.4 فیصد کی بلند ترین سطح پر آ گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق فروری 2023 میں افراط زر کی شرح31.5فیصد کی بلند ترین سطح پر تھی جس کے بعد اگلے ہی مہینے مارچ میں مہنگائی کی شرح ریکارڈ 35.4 فیصد کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں