ڈالرز کی قلت، ٹویوٹا گاڑیاں بنانے والا پلانٹ 4 دن کے لیے بند کرنے کا اعلان

کراچی(آئی این پی) انڈس موٹرز نے ایل سیز نہ کھلنے پر خام مال کی قلت کے سبب چار روز کے لیے پلانٹ بند کرنے کا اعلان کردیا۔ملک میں ڈالرز کی قلت اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے در آمدات کے لیے ایل سیز نہ کھولنے کے باعث خام مال کی در آمد کا معاملہ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے اور مقامی کار ساز کمپنی انڈس موٹرز نے چار روز کے لیے اپنا پلانٹ مکمل طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ٹویوٹا گاڑی تیار کرنے والی انڈس موٹرز کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو مطلع کیا ہے کہ ڈالرز کی قلت اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے خام مال کی در آمد کے لیے ایل سیز جاری نہ کیے جانے کے باعث کمپنی کے لیے اپنا پلانٹ چلانا ممکن نہیں رہا۔کمپنی ترجمان کے مطابق گاڑیوں کی تیاری کے لیے اس وقت کمپنی کے پاس مناسب انوینٹری موجود نہیں ہے اور خام مال کی قلت کے سبب کمپنی کی سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔کمپنی ترجمان کے مطابق انڈس موٹرز نے موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے 24 مارچ سے 27 مارچ تک چار روز کے لیے اپنا پلانٹ مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔کمپنی ذرائع کے مطابق مذکورہ مدت کے بعد پلانٹ کو مکمل یا جزوی طور پر چلانے کا کوئی بھی فیصلہ خام مال کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close