آٹو موبائل انڈسٹری بھی شدید بحران کا شکار ہوگئی، انڈس موٹرز کا بڑا فیصلہ

لاہور (پی این آئی) انڈس موٹرز کا چند روز کیلئے اپنا پلانٹ مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان، ڈالرز اور خام مال کی قلت کے باعث کمپنی کے لیے اپنا پلانٹ چلانا ممکن نہیں رہا، پلانٹ کی بندش میں توسیع کا عندیہ بھی دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں ڈالرز کی قلت اور ایل سیز نہ کھلنے کی وجہ سے بڑی صنعتیں بدترین بحران کا شکار ہو گئیں۔معاشی بحران کی وجہ سے گزشتہ ایک سال بڑی صنعتوں، خاص کر آٹو انڈسٹری کیلئے تباہ کن ثابت ہوا۔ اس وقت ملک میں بیشتر آٹو کمپنیوں کی پیدوار تقریباً رک چکی۔ جبکہ اب ملک میں گاڑیاں تیار کرنے والی بڑی کمپنی انڈس موٹرز نے اپنے پلانٹ کو چند روز کیلئے مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقامی کار ساز کمپنی انڈس موٹرز نے چار روز کے لیے اپنا پلانٹ مکمل طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔مپنی نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو مطلع کیا ہے کہ ڈالرز کی قلت اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے خام مال کی در آمد کے لیے ایل سیز جاری نہ کیے جانے کے باعث کمپنی کے لیے اپنا پلانٹ چلانا ممکن نہیں رہا۔ گاڑیوں کی تیاری کے لیے اس وقت کمپنی کے پاس مناسب انوینٹری موجود نہیں ہے اور خام مال کی قلت کے سبب کمپنی کی سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔اسی لیے انڈس موٹرز نے موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے 24 مارچ سے 27 مارچ تک چار روز کے لیے اپنا پلانٹ مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جبکہ پلانٹ کی بندش میں مزید توسیع کا عندیہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکورہ مدت کے بعد پلانٹ کو مکمل یا جزوی طور پر چلانے کا کوئی بھی فیصلہ خام مال کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ملک کے بڑے صنعتی شعبہ کی پیداوار میں تشویش ناک 9 فیصد سے زائد کی کمی ہو چکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close