ڈالر کی اونچی اُڑان جاری، امریکی کرنسی پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

لاہور (پی این آئی) ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ایک دن میں امریکی کرنسی کی بڑی چھلانگ، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈالر کی قیمت 284 روپے کی سطح کو بھی عبور کر گئی، اسٹاک مارکیٹ بھی 41 ہزار پوائنٹس سے نیچے آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق تاحال آئی ایم ایف پروگرام بحال نہ ہونے اور اس حوالے سے کوئی واضح معلومات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں غیر یقینی کی صورتحال اپنے پنجے مزید گاڑنے لگی ہے۔پیر کا روز پاکستانی روپے اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کیلئے برا ثابت ہوا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر مزید مستحکم ہوئی ہے، انٹر بینک میں 2 روپے 32 پیسے اضافے کے بعد امریکی ڈالر 284 روپے 03 پیسے کا ہوگیا ہے۔جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 286 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان دیکھا گیا، 411 پوائنٹس کمی کے ساتھ 100 انڈیکس 40 ہزار 918 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close