لاہور (پی این آئی) رمضان المبارک کی آمد سے قبل چینی کی قیمت کی سینچری مکمل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد قریب آتے ہی یوٹیلٹی اسٹورز سمیت ملک بھر میں چینی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اوپن مارکیٹ میں فی کلو چینی کی قیمت 105 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی 91 روپے کی قیمت میں دستیاب ہے۔ دوسری جانب کمر توڑ مہنگائی سے پریشان عوام کو حکومت نے مزید ریلیف دینے کے بجائے پہلے سے دیے جانے والے ریلیف میں مزید کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ نے یوٹیلیٹی سٹورز پر کٹوتی کے ساتھ رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی۔رواں سال ملک میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے، تاہم حکومت نے غریب اور متوسط طبقے کو رمضان میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔گزشتہ سال کے مقابلے میں رمضان پیکیج میں 3 ارب 28 کروڑ روپے کی کٹوتی کی گئی ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز پر 4 ارب 99 کروڑ 70 لاکھ روپے کا رمضان ریلیف پیکیج منظور کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ سال پی ٹی آئی حکومت نے 8 ارب 28 کروڑ روپے کا رمضان پیکیج دیا تھا، اس سال رمضان ریلیف پیکیج ٹارگٹڈ اور ان ٹارگٹڈ سبسڈی پر مشتمل ہو گا، پیکیج کے تحت 19 اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق بی آئی ایس پی مستحقین کیلئے گھی، چائے پر 100 ، 100 روپے فی کلو سبسڈی ملے گی، آٹے پر فی کلو 51 روپے 92 پیسے کی سبسڈی دی جائے گی، چینی، دودھ اور مشروبات پر 30، 30 روپے سبسڈی ہو گی۔ بیسن اور کھجور پر فی کلو 50 اور آئل پر 25 روپے کی سبسڈی ہو گی، رمضان پیکیج کے تحت دالوں، چاول پر 20 ، 20 روپے کی سبسڈی ہوگی۔
بی آئی ایس پی مستحقین کے سوا آٹے پر فی کلو 27 روپے 12 پیسے کی سبسڈی ہو گی، چینی 11 اور گھی پر فی کلو 25 روپے کی سبسڈی ہو گی، دالوں اور چاول پر فی کلو 20، 20 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔گھی 25، بیسن اور کھجور پر 50، 50 روپے کی سبسڈی دی جائے گی، ٹارگٹڈ سبسڈی کی مد میں 3 ارب 84 کروڑ 45 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹارگٹڈ سبسڈی کی مد میں ایک ارب 15 کروڑ 25 لاکھ روپے جبکہ رمضان پیکیج کی مہم کیلئے 14 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں