گھی 115روپے فی کلو مہنگا، عوام کو ریلیف سے محروم کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) غریب اور مستحق افراد کو ملنا والا ریلیف ختم، یوٹیلٹی اسٹور پر دستیاب کم قیمت گھی ایک ساتھ 115 روپے مہنگا کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم پیکج کے تحت ملنے والے گھی فی کلو 115روپے مہنگا ہوگیا ، اب سبسڈی والا گھی 375سے بڑھا کر 490روپے فی کلو کردیا گیا ۔

دستاویز کے مطابق وزیراعظم پیکیج کے تحت ملنے والے گھی کی قیمت میں 2 ماہ میں دوسری بار اضافہ کیا گیا ۔اس سے قبل یکم جنوری2023ء کو گھی کی قیمت میں فی کلو 75 روپے اضافہ کیا گیا تھا، گزشتہ 2ماہ میں وزیراعظم پیکج کے تحت گھی مجموعی طور پر 190 روپے فی کلو مہنگا ہوچکا ہے۔دستاویز کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی ) کے مستحقین گھی کی قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے، ان کے لیے گھی کی فی کلو قیمت300 روپے برقرار رہے گی۔دوسری جانب ملک میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی، گزشتہ ایک سال کے دوران مہنگائی میں اضافے کے دہائیوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 48 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق فروری 2022سے فروری 2023کے دوران ایک سال کے عرصے میں پیازکی قیمت میں 416فیصد، چکن 96فیصد، انڈے 78فیصد اور چاول کی قیمت میں 77 فیصد اضافہ ہوا۔چنا 65 فیصد، سگریٹ 60 فیصد، مونگ کی دال 56 فیصد، چنے کی دال 56فیصد، آٹا 56فیصد ،ماش کی دال 50.77فیصد اور خوردنی تیل 50.66 فیصد مہنگا ہوا۔اعداد وشمار کے مطابق بناسپتی گھی 45فیصد، تازہ پھل 45فیصد، تازہ دودھ 32فیصد، مسور کی دال27فیصد، مشروبات 24فیصد، آلو 22.42فیصد، مچھلی 21فیصد، گوشت 20.82فیصد اور سبزیاں 11.60فیصد مہنگی ہوگئیں۔ایک سال کے دوران درسی کتب کی قیمتوں میں 74فیصد، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 63فیصد، گیس کی قیمت میں 62فیصد، اسٹیشنری کی قیمت میں 61فیصد، صابن ڈٹرجنٹس اور ماچس کی قیمت میں 51.63فیصد اضافہ ہوا۔گاڑیوں کے پرزہ جات 38فیصد مہنگے ہوئے جبکہ ٹرانسپورٹ چارجز میں 33فیصد اضافہ ہوا۔

جبکہ ادارہ شماریات کی جانب سے ماہانہ مہنگائی کی صورتحال کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی میں 4.32 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس سے ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 31.55 فیصد پر پہنچ گئی۔ ماہانہ بنیادوں پر چکن، کوکنگ آئل، سگریٹس، پھلوں کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، سبزیوں، دالوں، چینی، تازہ دودھ کی قیمتوں میں بھی ماہانہ بنیادوں پر اضافہ ہوا۔ رپورٹس کے مطابق چکن 19.90 فیصد، کوکنگ آئل 17.21 فیصد، سگریٹس 15.64 فیصد مہنگے ہوئے، دال مونگ 6.35 فیصد، دال مسور 5.89 فیصد جبکہ آلو کی قیمت میں 4.15 فیصد اضافہ ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close