گندم کی کم از کم قیمت کتنی مقرر ہوگی؟ تجویز دیدی گئی

لاہور(پی این آئی) پنجاب نگران کابینہ نے گندم کی کم ازکم امدادی قیمت 3900 روپے فی من مقرر کرنے کی تجویز دے دی ہے، کابینہ اجلاس میں کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کیلئے سرکاری اراضی کو سنگل سورس کی بنیاد پر لیز پر دینے کی منظوری، ایسی اراضی صرف زرعی مقاصد کے لئے استعمال ہوسکے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 7 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کی کفایت شعاری پالیسی کے اقدامات پرصوبائی سطح پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہر سطح پر کفایت شعاری اپنانے کیلئے جامع پلان طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ افسران ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے ایک سے 3 دن کی تنخواہ عطیہ کرینگے۔ اجلاس میں گندم کی کم ازکم امدادی قیمت 3900 روپے فی من مقرر کرنے کی تجویز دی گئی۔ اجلاس میں فارن فنڈڈ پراجیکٹس کی تیزی سے تکمیل یقینی بنانے کیلئے فارن فنڈڈ پراجیکٹ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کیلئے سرکاری اراضی کو سنگل سورس کی بنیاد پر لیز پر دینے کی منظوری دی گئی۔ لیز پر دی جانے والی اراضی صرف زرعی مقاصد کے لئے استعمال ہوسکے گی۔ اجلاس میں پولیس شہداء پیکیج کے لئے 400 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الائیڈ اسپتال فیصل آباد میں فرینڈز آف الائیڈ اسپتال کے تعاون سے نیا ایمرجنسی بلاک بنایا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کا نام ٹورازم آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈیپارٹمنٹ رکھنے کی منظوری بھی دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close