گیس قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی منظوری دیدی گئی

اسلام آباد (پی این آئی )اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 6 ماہ کے لیے قدرتی گیس کی قیمتوں میں 16 فیصد سے 112.32 فیصد تک اضافہ کردیا، جس کا اطلاق یکم جنوری سے سمجھا جائے گا ۔

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں چار ماہ، نومبر سے فروری، کے عرصے کے لیے محفوظ صارفین کا تصور بھی متعارف کرایا گیا، جن کی ماہانہ کھپت 0.9 ایچ ایم 3 (90 یونٹس) سے کم ہو، محفوظ صارفین کے لیے 4 سلیب اور غیر محفوظ صارفین کے لیے 6 سلیب بھی متعارف کرائے گئے۔اضافے سے پہلے رہائشی صارفین کے لیے کم از کم سلیب 50 یونٹ فی مہینہ (0.5 ایچ ایم 3) تھا جسے قیمت کے نئے طریقہ کار کے تحت کم کر کے 25 یونٹ کردیا گیا۔اس کا مطلب یہ ہے کہ گھریلو صارفین کی بڑی تعداد سے زیادہ سے زیادہ ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے قیمت کے نئے طریقہ کار کے تحت کم کھپت والے صارفین متاثر ہوں گے۔گیس کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ محفوظ صارفین سے 50 روپے ماہانہ اور غیر محفوظ صارفین سے 500 روپے ماہانہ کی مقررہ شرح وصول کی جائے گی۔حکومت کے مطابق مقررہ شرح کی وصولی سردیوں میں گیس کی کھپت میں اضافے کی وجہ سے زیادہ بلوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ہے۔ای سی سی کے اجلاس میں دیگر وزرا کے ہمراہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی شرکت کی۔

دیگر شرکا میں وزیر تجارت نوید قمر، وزیر بجلی خرم دستگیر اور وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا سمیت شامل تھے۔گیس، بجلی کی پیداوار کا ایک بڑا ذریعہ ہے اور صنعتوں کے لیے گیس کے نرخوں میں اضافہ پیداواری لاگت کو بڑھا دے گا۔تاہم صنعتی شعبہ اس اضافے کو صارفین تک منتقل کردے گا اور اس کے نتیجے میں آنے والے مہینوں میں مہنگائی مزید بڑھے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں