پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30روپے فی لیٹر تک اضافہ؟ عوام کیلئے ایک اور بڑا دھچکا

اسلام آباد ( پی این آئی ) ملک میں آئندہ ہفتے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 رپے لٹر تک اضافے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں سینئر صحافی کامران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلے ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 روپے فی لٹر تک اضافہ ہوگا، اس کے علاوہ بجلی اور گیس کے نرخوں میں بھی خوب اضافہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عزیز ہم وطنو! آپ کی جاری تکالیف اور پریشانیوں میں شدید اضافہ ہوگا کیوں کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی نزدیک ہے، اسی کے تحت پاکستان نے ڈالر کی سرکاری قیمت یکمشت 257 رپے تو کردی ہے۔ادھر حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آج آئی ایم ایف معاہدے کی طرف پہلا قدم بڑھایا گیا اور ڈالر کو اس کی حقیقی قدر کی طرف لایا گیا ہے، ڈار صاحب نے سوچا تھا کہ شاید وہ آئی ایم ایف کے بغیر ملک کو چلا سکتے ہیں۔

اس کوشش سے بڑا نقصان ہوا اور اب حکومت اس بات پر راضی ہو گئی ہے کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننا پڑیں گی تاہم ڈالر کو فری چھوڑنے پر قیمتوں پر اب پریشر تو آئے گا لیکن آئی ایم ایف سے معاہدے میں دوری کے باعث ڈیفالٹ کے خدشات بڑھے، اس لیے ہمیں آئی ایم ایف سے جلد معاہدہ کرنا چاہیے، کیوں کہ ملکی سیاست کی وجہ سے معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے جو ملک کیلئے صحیح نہیں ہے۔آئی بی اے میں مذاکرے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر کو روکنا پاگل پن ہے، پکڑ دھکڑ یا انتظامی اقدامات سے فرق نہیں پڑسکتا، 80 ارب ڈالر کی امپورٹ اور 30 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ہوئی، 22 کروڑ عوام اوورسیز سے بھی کم ویلیو ایڈیشن کررہے ہیں، ڈالر سستا کرنے کی بجائے ایکسپورٹ بڑھانے کی ضرورت ہے، ڈالر کی ریشینلائزیشن پہلا قدم ہے، جو ڈالر باہر چلا گیا واپس آئے گا، ترسیلات بھی بڑھیں گی، ڈالر کی قدر روکنے سے ڈالر ذخیرہ کیا جارہا تھا اب ڈالر کی بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی میں کمی آئے گی۔

close