گھی اور کوکنگ آئل کا بحران، سپلائی بند ہوگئی

لاہور (پی این آئی) آٹے کے بعد سستے گھی اور کوکنگ آئل کے بحران نے سر اٹھا لیا، یوٹیلیٹی سٹورز سپلائی بند ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے کے بحران کے بعد سستے گھی اور کوکنگ آئل کے بحران نے سر اٹھانا شروع کر دیا ہے، بتایا گیا ہے کہ بالخصوص لاہور کے یوٹیلیٹی سٹورز پر گزشتہ پانچ روز سے سستے گھی اور کوکنگ آئل کی سپلائی ہی نہیں کی گئی، جس کے باعث صارفین کو یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے کے ساتھ ساتھ سستے گھی اور کوکنگ آئل کے خریداری میں دشواری کا سامنا ہے۔یہاں واضح رہے کہ کچھ روز قبل ہی گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ ہول سیل مارکیٹ میں درجہ اول اور سوم کے گھی و آئل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔درجہ اول کے کوکنگ آئل کی قیمت میں 26 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا، 2520 والا پانچ لیٹر کا پیک 130 روپے اضافے سے 2650 روپے کا ہو گیا۔ جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں درجہ سوم گھی کی قیمت میں 31 روپے فی کلو اضافہ ہوا، درجہ سوم کے 16کلو کا کنستر مجموعی طور پر 500 روپے اضافے کے بعد 6500 کا ہو گیا۔

بتایا گیا ہے کہ آئل کمپنیوں کی جانب سے سپلائی میں کمی کردی گئی جس کی وجہ سے ہول سیل مارکیٹ میں گھی اور آئل میں تیزی کا رحجان ہے، کوکنگ آئل کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ جبکہ ماہ رمضان المبارک میں گھی اور تیل کی قیمتوں اور قلت میں بھی اضافے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔ پیدوار کے ذمے دار حلقے روغنی تیل، سویابین تیل اور سًن فلاور آئل سے محروم ہورہے ہیں، اس کی وجہ بینکوں کی جانب سے لیٹر آف کریڈٹ نہ کھولنے اور بندرگاہ پر سامان کی کلیئرنس کے لیے ریٹائرنگ دستاویزات جاری نہ کرنا ہے ۔بینکوں کی جانب سے لیٹر آف کریڈٹ نہ کھولنے اور ریٹائرمنٹ دستاویزات کی درخواستیں مسترد کیے جانے کی وجہ سے کسٹمز بانڈڈ گوداموں سے 3 لاکھ 58 ہزار ٹن خوردنی تیل کو اٹھانے سے منع کردیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close