ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک کم رہ جانے کا انکشاف

لاہور (پی این آئی) ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب ڈالر سے بھی کم رہ جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی جانب سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں کمی کے حوالے سے تشویش ناک انکشاف کیا گیا ہے۔ حماد اظہر کے مطابق ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب ڈالر سے بھی کم رہ گئے ہیں، ن لیگ اور پی ڈی ایم نے معیشت کا چہرہ بگاڑ دیا ہے، ابھی آپ نے اربوں ڈالر کی قسطیں واپس کرنی ہیں۔

۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں کہہ رہی ہیں ہمارے پاس تیل منگوانے کے پیسے نہیں، ہر چیز مہنگی ہوتی چلی جا رہی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ کشیدگی بڑھتی چلی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا ہے کہ عمران خان مستقبل کا وزیراعظم ہے، اب بات پولیٹیکل انجینئرنگ سے آگے چلی گئی ہے، پورے پاکستان میں تحریک انصاف کے کارکن عام انتخابات کی تیاری کریں۔

حماد اظہر نے کہا کہ کراچی کے الیکشن کو پیپلز پارٹی نے ایک مذاق ہی بنا لیا تھا، ان کو معلوم ہے عوام فیصلہ کرچکے ہیں، ہم انہیں فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے، قومی اسمبلی میں بھی ان کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا۔ دوسری جانب ڈاکٹر حفیظ پاشا نے لاہور میں تاجروں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی روپے کی قدر میں گراوٹ کے حوالے سے تشویش ناک انکشاف کیا۔
سابق وفاقی وزیر خزانہ نے انکشاف کیا کہ اس وقت روپے کی اصل قدر 295 روپے ہے جو حکومت نے مصنوعی طریقے سے روک رکھی ہے، ڈالر کو مصنوعی طریقے سے روک کر معیشت تباہ کی جا رہی ہے، اس اقدام سے ترسیلات زر اور برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالات خراب ہیں، بڑے اقدامات نہ اٹھائے تو نظام نہیں چل سکے گا، اصل خرابی پچھلے سات آٹھ سال میں سامنے آئی جب قرضوں کا حجم 130 ارب ڈالر پر چلاگیا، ہم نے درآمدات بڑھانے کے لیے ڈیوٹیوں کی شرح خطرناک حدتک کمی کی، افسوس بڑے جاگیردار صرف تین ارب ٹیکس دیتے ہیں جبکہ غریب کھانے پینے کی اشیاء پر 120 ارب ٹیکس دیتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close