کراچی (پی این آئی) پاکستان کے پہلے دارالحکومت کراچی کے شہریوں کیلئے بجلی مزید مہنگکی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹر اتھارٹی (نیپرا)نے یکساں ٹیرف کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا ہے ، جس کے مطابق “کے الیکٹرک’ صارفین کیلئے بجلی 4.49 روپے تک مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے نیپرا کو “ے الیکٹرک” صارفین کے لئے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دی گئی تھی ، نیپرا کی جانب سے آج بروز جمعہ 13 جنوری کو یکساں ٹیرف کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ جاری کیا گیا ہے، نیپرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مختلف کیٹیگریز کیلئے قیمتوں میں اضافہ 1.49 سے 4.49 روپے تک ہوگا۔ فیصلے سے صارفین پر 16 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔قیمتوں کی ایڈ جسٹمنٹ اکتوبر، نومبر، دسمبر 2022 اور جنوری 2023 میں استعمال ہوئیں ، اضافی ایڈ جسٹمنٹ جنوری سے اپریل 2023 تک 4 ماہ میں وصول کی جائے گی، واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے یکساں ٹیرف کیلئے درخواست دی تھی۔ نیپرا اتھارٹی نے27 دسمبر کو وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کی تھی۔قبل ازیں نیپرا کے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے کے-الیکٹرک کا ٹیرف ڈسکوز کے ساتھ یکساں کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی جبکہ ڈسکوز کے لیے مالی سال 22-2021 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اوسط 3 روپے 30 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ “کے-الیکٹرک “نے نومبر میں ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں بجلی 9 روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی 2 الگ الگ درخواستیں دائر کی تھیں۔ کے-الیکٹرک کی جانب سے جولائی تا ستمبر کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7 روپے 83 پیسے کم کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے، جب کہ اکتوبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں ایک روپے 88 پیسے کمی کی درخواست کی گئی ہے۔نیپرا نے 30 نومبر کو سماعت کے بعد کے-الیکٹرک صارفین کے لیے ماہانہ فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ میں 2 روپے 15 پیسے فی یونٹ اور سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ (کیو ٹی اے) میں 7 روپے 83 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی تھی۔کے الیکٹرک نے اکتوبر میں پیدا ہونے والی سستی بجلی کی وجہ سے صارفین کو تقریباً 3 ارب 16 کروڑ روپے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے واپس کرنے کے لیے ایف سی اے میں تقریباً 1.9 روپے فی یونٹ کمی کا مطالبہ کیا تھا، نیپرا نے ڈیٹا کی جانچ کے بعد 3 ارب 59 کروڑ روپے ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے 2.15 روپے فی یونٹ کی منفی ایڈجسٹمنٹ کی تھی،کے الیکٹرک نے اپنی دوسری درخواست میں جولائی تا ستمبر کے لیے تقریباً 7.8 روپے فی یونٹ منفی سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کیا تھا اور نیپرا نے 7.83 روپے فی یونٹ کی کمی کی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں