اوورسیز پاکستانیوں نے رقوم بھیجنا مزید کم کر دیں

لاہور (پی این آئی) اوورسیز پاکستانیوں نے رقوم بھیجنا مزید کم کر دیں، دسمبر 2022 کے دوران بیرون ممالک سے 2 ارب ڈالرز موصول ہوئے، ترسیلات زر میں 19 فیصد سے زائد کمی ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق ملکی ایکسپورٹس کے بعد ترسیلات زر میں بھی کمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2022ء کے دوران کارکنوں کی طرف سے 2 ارب امریکی ڈالر کی ترسیلاتِ زر آئیں۔ دسمبر 2022ء کے دوران ترسیلاتِ زر میں ماہ بہ ماہ 3.2 فیصد کمی ہوئی جبکہ سال بسال 19 فیصد کمی ہوئی۔ مالی سال 23ء کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی طور پر 14.1 ارب امریکی ڈالر کی ترسیلات زر آئیں جو گذشتہ سال کی اسی مدت کی نسبت 11.1 فیصد کم ہیں۔ دسمبر 2022ء کے دوران بیشتر ترسیلاتِ زر سعودی عرب (516.3 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (328.7ملین ڈالر)، برطانیہ (314.2ملین ڈالر)، اور امریکہ (230.5 ملین ڈالر) سے آئیں۔ یہاں واضح رہے کہ دسمبر کے ماہ میں ملکی ایکسپورٹس کے حجم میں بھی واضح کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات کی ملکی ایکسپورٹس اور امپورٹس کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2022 میں دسمبر 2021 کے مقابلے میں ایکسپورٹس کے حجم میں 16 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ جبکہ جولائی سے دسمبر تک ایکسپورٹس میں5.79فیصد کمی ہوئی، اس دوران ایکسپورٹس 14ارب 24کروڑ ڈالرز تک رہیں۔ دسمبر2022میں ایکسپورٹس کا حجم2ارب30کروڑ ڈالرز رہا۔

نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں ماہانہ بنیادوں پر ایکسپورٹس میں3.64فیصد کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2022 میں ایکسپورٹس کے مقابلے میں امپورٹس کا حجم 5 ارب 15 کروڑ ڈالرز سے زائد رہا، یعنی ایکسپورٹس کا حجم امپورٹس کے مقابلے میں 50 فیصد سے بھی کم رہا۔ رپورٹ کے مطابق جولائی سے دسمبرتک امپورٹس 31ارب38کروڑڈالرز رہیں جبکہ گزشتہ6ماہ میں تجارتی خسارہ17ارب13کروڑ ڈالرز رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close