لاہور (پی این آئی) وزیر اعظم پاکستان کے توانائی بچت پلان کے مطابق اوگرا نے گھریلو صارفین کے لیے روایتی گیس گیزر میں کونیکل بیفل کی تنصیب لازمی قرار دے دی ہے۔ اس حوالے سے اوگرا نے کونیکل بیفل کی تنصیب لازمی قرار دیے جانے کی گیس کمپنیز کی درخواست کو منظور کرلیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 9 جنوری 2023ء کو اسلام آباد میں اوگرا کے صدر دفتر میں عوامی سماعت بھی منعقد ہوئی تھی۔
گیزر میں کونیکل بیفل کی تنصیب سے گیس بل میں 20 سے 25 فیصد تک بچت ممکن ہوسکے گی جس سے ملک میں جاری گیس بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ سوئی ناردرن گیس کی ٹیمز جلد ہی گھر گھر معائنے کا آغاز کریں گی تاکہ گیزر میں کونیکل بیفل کی تنصیب کو یقینی بنایا جاسکے۔ اگر کسی صارف کے گیزر میں کونیکل بیفل نہ پایا گیا تو سوئی ناردرن گیس کی جانب سے گیزر میں کونیکل بیفل نصب کی جائے گی۔ کونیکل بیفل کی قیمت گیس بل کے ذریعے بارہ آسان ماہانہ اقساط میں وصول کی جائے گی۔
سوئی ناردرن گیس نے صارفین سے تعاون کی درخواست کی ہے تاکہ کونیکل بیفل کی جلد از جلد تنصیب یقینی بنائی جاسکے جس سے صارفین کو گیس کے استعمال میں بچت ہوسکے گی۔ اس طرح عزت مآب وزیر اعظم پاکستان کے توانائی بچت کے وژن کے مطابق قدرتی گیس کی بچت بھی ممکن ہوسکے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں