گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں پھر بڑا اضافہ کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور “تحفہ”، غریب عوام کے استعمال کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 30 روپے سے زائد اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں درجہ اول اور سوم کے گھی و آئل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔

 

 

 

درجہ اول کے کوکنگ آئل کی قیمت میں 26 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا، 2520 والا پانچ لیٹر کا پیک 130 روپے اضافے سے 2650 روپے کا ہو گیا۔جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں درجہ سوم گھی کی قیمت میں 31 روپے فی کلو اضافہ ہوا، درجہ سوم کے 16کلو کا کنستر مجموعی طور پر 500 روپے اضافے کے بعد 6500 کا ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ آئل کمپنیوں کی جانب سے سپلائی میں کمی کردی گئی جس کی وجہ سے ہول سیل مارکیٹ میں گھی اور آئل میں تیزی کا رحجان ہے، کوکنگ آئل کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب ادارہ شماریات کی ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا۔

 

 

جس کے باعث ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 30.60 فیصد ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 9 اشیا سستی ہوئیں اور 19 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں مرغی کی فی کلو قیمت میں 53 روپے کا اضافہ، ٹوٹا چاولکی فی کلو قیمت میں 6 روپے کا اضافہ ہوا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 79 روپے مہنگا ہو، رواں ہفتے پیاز کی قیمت میں 6 روپے کا اضافہ ہوا، دال مونگ، ماش 3 اوردال چنے فی کلو 2 روپے مہنگی ہوئیں، اسی طرح نمک، تازہ دودھ اور دہی کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق کراچی سے خیبر تک آٹے کی قیمتیں آؤٹ آف کنٹرول ہوگئی ہیں، جس سے روٹی بھی عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگی ہے۔

 

 

 

لاہور میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 150 روپے مزید مہنگا ہوگیا جس کے بعد پندرہ کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2050 روپے ہوگئی ہے، 2 ہفتے میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے تک مہنگا ہوچکا ہے۔ ادھر پشاور میں 20 کلو فائن آٹے کا تھیلا 2800 روپے سے بڑھ کر 3100 میں فروخت ہورہا ہے اور 20 کلو مکس آٹیکے تھیلے کی قیمت 2700 روپے سے بڑھ کر 3 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میں بھی آٹا 160روپے کلو ہوگیا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close