پولٹری کا کاروبار ٹھپ، چکن کی قیمتوں میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان

لاہور ( پی این آئی ) مرغی کے گوشت کی قیمت 600روپے کلو تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 600 روپے کی سطح کو چھو گئی، جبکہ انڈوں کی قیمت میں بھی اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

انڈوں کی فی درجن قیمت بھی 300 روپے سے اوپر چلی گئی، جبکہ آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پولٹری فارمرز کا کہنا ہے کہ درآمدی فیڈ کلیئر نہ ہونے سے 50فیصد فارم بند ہوگئے ، اسی لیے مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ خبردار کیا گیا ہے کہ رواں ماہ پولٹری کی پیداوار مکمل طور پر بند ہوجائیگی جس سے مرغی نایاب ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ مرغی کھانا چھوڑ دیں کیوں کہ اس کی فیڈ مضر صحت ہے اس لیے مرغی کھانا چھوڑ دو، میں مرغی نہیں کھاتا بلکہ گوشت بھی نہیں کھاتا۔اسلام آباد میں پریس کانفرس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جی ایم او سویابین کا پولٹری میں استعمال بیماری پھیلا رہا ہے، جی ایم او سویابین زہریلی بیماری اور کینسر ہے، 2015ء سے پہلے جی ایم او سویابین پولٹری فیڈ میں شامل نہیں تھی۔

اس کے بعد پولٹری مافیا نے چکر چلا کر مقامی سویا بین پر ٹیکسز لگوادیے جس سے امپورٹڈ سویابین سستی اور مقامی سویابین مہنگی ہوگئی، پھر انہوں نے جی ایم او سویابین درآمد کرنا شروع کردی، ایک ارب کی درآمد کرکے 2 ارب روپے کماتے ہیں، امپورٹڈ سویابین مضرصحت ہے جو بیماری پھیلارہی ہے، میری سختی کا یہ فائدہ ہوا کہ اب نان جی ایم او سویابین منگوائی جارہی ہے جو مضر صحت نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close