بڑی فیڈ فیکٹری بند کرنے کا اعلان

لاہو ر( پی این آئی)پولٹری ایسوسی ایشن نے سویا بین کی شدید قلت کے باعث رائیونڈ روڈ لاہور پر بڑی فیڈ فیکٹری بند کرنے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سویابین کے کنٹینرز پورٹ پر پھنسے ہونے کے باعث مرغی کی فیڈ تیار کرنے والی فیکٹریاں کئی ماہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔ صدر پولٹری ایسو سی ایشن اشرف چوہدری نے کہا کہ مرغی فیڈ کے لیے سویابین درآمد میں 3 ماہ سے رکاوٹ ہے، سوبا بین کی عدم دستیابی کے باعث رائیونڈ روڈ لاہور پر واقع بڑی فیڈ فیکٹری بند کی جا رہی ہے جبکہ کئی چھوٹی فیڈ ملز بند کر دی گئی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ وفاقی کابینہ کی اجازت کے باوجود سویابین سے بھرے کنٹینرز کا پورٹ پر پھنسے رہنا حیران کن ہے۔صدر پولٹری ایسو سی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ کہ مچھلی سے حاصل فیڈ بہت مہنگی ہے، ہر کمپنی مچھلی سے فیڈ تیار نہیں کر سکتی۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن ساوتھ ریجن کے چیئرمین غلام محمد پٹھان نے کہا تھا کہ پولٹری انڈسٹری کے پاس صرف 7 دن کا فیڈ اسٹاک ہے۔غلام محمد پٹھان نے کہا تھا کہ حکومت کی طرف سے بندرگاہ پر سویا بین کے جہازوں کو کلیئرنس نہیں مل رہی جس کی وجہ سے پولٹری کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close