فی تولہ سونے کی قیمت 2لاکھ روپے کا تک کا خدشہ

لاہور(پی این آئی) ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت ہوشربا 2 لاکھ روپے ہو جانے کا خدشہ، ڈالر کی قلت کی وجہ سے سونے کی خریداری میں غیر معمولی اضافہ، چند ماہ میں سرمایہ کاروں نے 8 ارب ڈالرز سے زائد مالیت کا سونا خرید لیا۔

 

 

ملک کی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت ریکارڈ 1 لاکھ 70 ہزار روپے کی سطح کے قریب پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں ڈالرز کی بدترین قلت ہونے کی وجہ سے سونے کی خریداری میں غیر معمولی اضافہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔اس حوالے سے دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق مارکیٹ میں قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ ڈالر کی قیمت 300 روپے کی سطح کو چھو سکتی ہے، ایسا ہونے کی صورت میں ملک میں سونے کی قیمت 2 لاکھ روپے فی تولہ کی سطح تک بھی جا سکتی ہے۔بتایا گیا ہے کہ سرمایہ کاروں نے افراط زر کا مقابلہ کرنے کیلئے 30 ستمبر 2022 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران تقریباً 8 ارب ڈالر کا سونا خرید لیا۔اس حوالے سے بلوم برگ کے مطابق مذکورہ سہ ماہی کے دوران سونے کی طلب 34 فیصد اضافے کے ساتھ 13 ٹن ہوگئی جو گزشتہ 3 برسوں کے دوران کسی بھی سہ ماہی کے دوران کی جانے والی سب سے زیادہ خریداری ہے۔ صرافہ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ملک میں ان دنوں 24 قیراط خالص سونے کی 10 تولہ ٹی ٹی بارز کی بہت زیادہ طلب دیکھی جا رہی ہے، اس کی زیادہ تر خریداری سرمایہ کاروں کی جانب سے کی جا رہی ہے، لوگ روپے کی بے قدری کا مقابلہ کرنے کے لیے سونے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

 

 

 

دوسری جانب ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 2350 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یوں 24 قیراط سونے کے نئی فی تولہ قیمت 169650 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ جبکہ مقامی مارکیٹ میں پیر کو دس گرام سونے کی قیمت 2016 روپے بڑھ کر 145448 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران فی اونس سونے کی قیمت میں تین ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اس کی نئی قیمت 1794 ڈالر پر پہنچ گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں