اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان اور روس کے درمیان روڈ ٹرانسپورٹ سے متعلق بڑا معاہدہ طے پاگیا، پاکستان اور روس کے مابین روڈ کے ذریعے سفر اور سامان کی ترسیل ممکن ہوگی، ٹرانسپورٹ آپریشنز روڈ ٹرانسپورٹ پرمٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کی روس کے وزیر ٹرانسپورٹ وٹالی سیویلیف سے ملاقات ہوئی۔ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان روڈ ٹرانسپورٹ سے متعلق بڑا معاہدہ طے پاگیا ہے، مولانا اسعد محمود نے بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت پاکستان اور روس کے مابین روڈ کے ذریعے سفر اور سامان کی آسانی سے ترسیل ممکن ہوگی، ٹرانسپورٹ آپریشنز روڈ ٹرانسپورٹ پرمٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔نیوز ایجنسی کے مطابق وزیر مواصلات نے کہا کہ روس وسائل سے مالا مال اور تکنیکی طور پر ترقی یافتہ ملک ہے۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی و عوامی روابط قائم کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان مسافروں اور سامان تجارت کی نقل و حرکت کے بارے ایک فریم ورک مہیا کرے گا جس کے بعد پاکستان اور روس کے مابین سڑک کے ذریعے سفر اور سامان کی باآسانی ترسیل ممکن ہو سکے گی ۔ پاکستان روس کو پھل ،ملبوسات ، آلات جراحی ، چمڑا اور زرعی پیداوار برآمد کرتا ہے۔
دوسری طرف روس ایل این جی برآمد کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے اور اس نے پاکستان کو ایل این جی برآمد کرنے والے دوسرے ممالک کے مقابلے میں کم قیمت میں ایل این جی فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ اس کے تناظر میں پاکستان اور رشین فیڈریشن کے درمیان اس معاہدے کی ضرورت محسوس کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ اس معاہدے کی رو سے ٹرانسپورٹ آپریشنز روڈ ٹرانسپورٹ پرمٹ کی بنیاد پر کئے جائیں گے جو کہ ٹرانسپورٹرز کو دونوں ممالک کے مجاز حکام کی طرف سے مفت فراہم کئے جائیں گے۔آپریشنل قواعد و ضوابط پر اتفاق کرنے اور ان کےنفاذ سے متعلق مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ایک مشتر کہ ورکنگ گروپ جلد تشکیل دیا جائے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں