نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) نیپرا نے بجلی کی قیمت میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 8 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، بجلی کی قیمت میں اضافہ ستمبر کے ماہانہ ایف سی اے کی مد میں کیا گیا ہے۔ ستمبر 2022 کیلئے ڈسکوز کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ، نیپرا نے رواں سال ستمبرکے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 8 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

 

 

جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔سی پی پی اے جی نے 20 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، نیپرا اتھارٹی نے پچھلے ماہ 26 اکتوبر 2022 کو فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تعین کیلئے عوامی سماعت کی تھی۔مزید برآں نیوز ایجنسی کے مطابق کراچی کے لیے بجلی 51 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی، نیپرا نے حکومتی درخواست پر بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔بجلی کی قیمت میں اضافہ یونیفارم ٹیرف کی مد میں کیا گیا ہے۔نیپرا حکام کے مطابق کراچی کے صارفین سے ستمبر تا نومبر کے بلوں میں وصولی ہوگی، کے الیکٹرک کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 3 روپے 55 پیسے بنتی ہے لیکن عوام 51 پیسے فی یونٹ کے حساب سے ادا کریں گے۔ حکومت 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ سبسڈی دے گی جبکہ کراچی کے عوام کو 291 ارب روپے سالانہ سبسڈی دے رہی ہے۔

 

 

کراچی کے صارفین کو بجلی فی یونٹ 43روپے 38پیسے میں پڑتی ہے جس پر حکومت 17 روپے 29 پیسے فی یونٹ سبسڈی دے رہی ہے، صارفین کو 29روپے 9 پیسے میں بجلی دی جاتی ہے۔نیپرا نے ہدایت کی کہ کے الیکٹرک متبادل سستی بجلی کے پلانٹ فوری لگائے، کے الیکٹرک کے مطابق متبادل توانائی کا پلانٹ 2024 میں لگایا جائے گا۔ چیئرمین نیپرا کے مطابق حکومت کے ای کو 10 روپے یونٹ بجلی دے رہی ہے، کے ای خود اپنی بجلی 37روپے میں پیدا کرتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں