ملکی خزانے پر اربوں ڈالرز کی بارش، زرِمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں اضافہ ہو گیا

لاہور (پی این آئی) ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے ملنے والے قرضے کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر میں واضح اضافہ، ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 28 اکتوبرکو ختم ہونے والے ہفتے میں 1 ارب 51 کروڑ ڈالرز اضافے سے 14 ارب 67 کروڑ ڈالرز رہے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کے اعداد و شمار جاری کر دیے جس کے مطابق 28 اکتوبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے پر سرکاری اور مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ کے اختتام پر پاکستان کو ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے ڈیڑھ ارب ڈالرز کی قسط موصول ہوئی تھی، جس کی بدولت زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا۔ 28 اکتوبرکو ختم ہونے والے ہفتے میں 1 ارب 51 کروڑ ڈالر ز کے اضافے سے ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 14 ارب 67 کروڑ ڈالر رہے۔جبکہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر 1.47 ارب ڈالر اضافے سے 8.91 ارب ڈالر رہے۔اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق کمرشل بینکوں کے ذخائر 4 کروڑ ڈالر کے اضافے کے باعث مجموعی طور پر 5.76 ارب ڈالرز رہے۔ دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کو 10کروڑ ڈالر فراہم کرے گا، قرض کی فراہمی کا معاہدے پر کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی ڈر یونگ اور سیکرٹری اقتصادی امور نے دستخط کیے، دستخط کی تقریب میں وزیر اقتصادی امور ایاز صادق نے بھی موجود تھے۔

بتایا گیا ہے کہ قرض کی رقم صوبہ خیبرپختونخواہ میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے پر خرچ کی جائے گی ، معاہدے پر صوبائی سیکرٹری صحت عامر سلطان ترین نے بھی دستخط کیے۔ تاہم یہاں یہ واضح رہے کہ ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کے باوجود ملکی کرنسی مارکیٹ میں روپے کی بے قدری اور ڈالرز کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 221 روپے 92 پیسے کی سطح پر پہنچ چکی، جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 227 روپے ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں