لاہور (پی این آئی) پاکستانی روپیہ اکتوبر کے ماہ میں سب سے بہترین کارکردگی دکھانے والی کرنسی قرار، گزشتہ ماہ کے دوران ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 3 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا، ایک ماہ کے دوران پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 8 روپے سستا ہوا۔
تفصیلات کے مطابق مورگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل کنٹری انڈیکس کے ممالک میں پاکستانی روپے نے بہترین کرنسی کا اعزاز حاصل کرلیا۔بلومبرگ، سٹیٹ بینک اور عارف حبیب ریسرچ کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں ستمبر کے مقابلہ میں اکتوبر میں 3.4 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے، 30 ستمبر کو امریکی ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر 228.45 روپے ریکارڈ کی گئی تھی جو 31 اکتوبر کو 220.89 روپے ہو گئی۔جبکہ دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کے روز ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا۔انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 79 پیسے اضافے کے بعد 221.43 روپے کا ہوگیا ، جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قدر 50پیسے کے اضافے کے بعد 227روپے ہوگئی۔ یہاں واضح رہے کہ اسحاق ڈار اکتوبر کے آخر تک ڈالر 200 روپے تک لانے کا دعویٰ پورا نہ کر سکے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دعووں کے برعکس ملک کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رواں ماہ کے آغاز میں دعویٰ کیا تھا کہ اکتوبر کے آخر تک ڈالر 200 روپے کی سطح تک آ جائے گا۔ 5 اکتوبر کو نجی ٹی وی چینل سماء نیوز سے کی گئی گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ اکتوبر کے آخر تک ڈالر 200 روپے تک آجائے گا، ڈالر کی قدر میں کمی کا روپے پر بڑا اثر پڑے گا، ڈالر میں کمی سے مہنگائی کی شرح12سے 14 فیصد تک ہوجائے گی، ڈالر کی قدر گرنے سے اشیاء، انرجی کی قیمتوں پربھی پڑے گا۔ فیول پر جو بجلی بناتے ہیں اس پر بھی اثر پڑے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں