حکومت ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی

لاہور (پی این آئی) حکومت ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی، 4 ماہ میں ٹیکس آمدن میں 16 فیصد اضافہ ہوا، تحریک انصاف حکومت کے آخری سال کے اسی عرصے میں ٹیکس آمدن میں 36 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے اکتوبر 2022 اور رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران ہونے والی ٹیکس آمدن کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔بتایا گیا ہے کہ جولائی تا اکتوبر 2022 وصول ہونے والا ٹیکس ہدف سے 88 ارب روپے کم رہا۔

اکتوبر 2022 میں ٹیکس آمدن کا ہدف 600 ارب روپے تھا تاہم صرف 512 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا۔ اس سال جولائی تا اکتوبر ٹیکس آمدن بڑھنے کی شرح 16 فیصد رہی، گزشتہ سال تحریک انصاف کے دور میں جولائی تا اکتوبر کی شرح 36 فیصد زیادہ تھی۔ ایف بی آر کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2 ہزار 144 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا، اس عرصے میں ٹیکس ہدف 2 ہزار 148 ارب تھا۔حکام کے مطابق حکومت نے امپورٹ کی حوصلہ شکنی کے لیے سخت اقدامات کیے، امپورٹ کم ہونے کی وجہ سے ٹیکس آمدن کم رہی، جولائی تا اکتوبر 112 ارب روپے کا ٹیکس ری فنڈ بھی دیا گیا۔ دوسری جانب مہنگائی کے اعداد و شمار بھی سامنے آئے ہیں۔ رواں مالی سال کے چوتھے ماہ، اکتوبر 2022 میں مہنگائی کی شرح کئی دہائیوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے اکتوبر کے ماہ کیلئے مہنگائی کی ماہانہ شرح کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ستمبرکے مقابلے اکتوبر میں مہنگائی4.71 فیصد بڑھ گئی، اکتوبر میں مہنگائی بڑھ کر 26.56 فیصد ہوگئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ستمبر2022 میں مہنگائی کی شرح 23.18 فیصد تھی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی میں 4.50فیصد اضافہ ہوا، دیہی علاقوں میں مہنگائی 5.01 فیصد بڑھ کر 29.5 فیصد پر پہنچ گئی۔ اعدادو شمار کے مطابق اکتوبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 24.6 فیصد رہی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں