دودھ کی سرکاری قیمت میں 50 روپے فی لیٹر اضافہ

کراچی(پی این آئی)کراچی میں دودھ کی سرکاری قیمت میں 50 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا۔کمشنر کراچی اور دودھ فروشوں کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دن دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 50 روپے اضافہ کیا گیا ہے اور نئی قیمت 170 روپے مقرر کی گئی ہے جس پر دودھ فروش ناراض ہوگئے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں دودھ 120 روپے سے بڑھا کر 170 روپے لیٹر کردیا گیا ہے۔

کراچی کیٹل اینڈ ڈیری فارمر ایسوسی ایشن ذرائع کے مطابق کمشنر کراچی نے ڈیری فارمرز کو دودھ کی نئی قمیتوں کا تعین سے آگاہ کردیا ہے۔ کمشنر کراچی کی جانب سے ڈیری فارمرز کو دودھ 153 روپے فی لیٹر فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اس حساب سے ہول سیلرز 160 روپے اور ریٹلرز 170 روپے فی لیٹر دودھ فروخت کرسکیں گے۔دوسری جانب ڈیری فارمرز نے کمشنرکراچی کی جانب نئی طے کردہ قیمتوں کو مسترد کردیا ہے۔ ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے رہنما شاکر عمر گجر کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی کا 170 روپیہ فی لیٹر دودھ فروخت کرنے کا نوٹی فکیشن ہمیں تسلیم نہیں۔عبدالوحید گدی کا کہناتھا کہ اگر انہیں 160 روپے لیٹر میں دودھ ملے گا تو 170 میں بیچیں گے۔ ایڈیشنل کمشنر کراچی سید جواد مظفر کا کہنا ہے کہ دودھ اضافی نرخ پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔خیال رہے کہ کراچی میں دودھ فروشوں نے دودھ کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا ہے اور دودھ شہر میں 200 فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں