اسلام آباد (پی این آئی) سرکاری طور پر جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں کھانے پینے کی 17 اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔اس دوران مہنگائی کی مجموعی شرح 29.44 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مہنگائی میں اضافہ اشیاء خورونوش میں ریکارڈ کیا گیا، حالیہ ہفتے پیاز کی فی کلو قیمت 12 روپے 69 پیسے بڑھی۔
390 گرام پاؤڈر دودھ کی قیمت میں 6 روپے 82 پیسے اضافہ ہوا، چاول، دودھ، دہی، بیف، چینی، صابن، انڈے اور بریڈ بھی مہنگی ہوئی۔ کیلے کی قیمت 2 روپے فی درجن بڑھی، عام چائے کے ایک کپ کی قیمت بڑھ کر 40 روپے 36 پیسے ہوگئی جبکہ مٹن 2 روپے 54 پیسے فی کلو مہنگی ہوا۔ حالیہ ہفتے 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 20 میں استحکام رہا۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 124 روپے 85 پیسے سستا ہوا، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 5 روپے 64 پیسے کم ہوئی۔ حالیہ ہفتے ڈھائی کلو گھی کا ڈبہ ایک روپیا سستا ہوا، دال مسور کی فی کلو قیمت میں 16 روپے 23 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی۔ دال ماش 6 روپے 45 پیسے، دال مونگ 2 روپے 47 پیسے فی کلو سستی ہوئی، دال چنا 8 روپے فی کلو تک سستی ہوئی جبکہ چکن، لہسن اور آلو بھی سستا ہوا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں