اسلام آباد(پی این آئی)تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس کی جانب سے تیل پیداوار میں بڑی کمی کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے۔امریکی دباؤ کے باوجود اوپیک اور اس کے اتحادی ممالک نے تیل کی پیداوار میں 2 ملین بیرل روزانہ کمی کا اعلان کیا ہے جو کہ عالمی طلب کا 2 فیصد بنتا ہے، اس فیصلے کے ساتھ ہی برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 1.5 فیصد بڑھ کر 93 ڈالر فی بیرل سے زیادہ ہوگئی ہے۔
امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی بھی ایک اعشاریہ 25 فیصد اضافے کے ساتھ 88 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے اوپیک پلس کے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق اوپیک پلس کے اس فیصلے سے تیل کی قیمت مزید بڑھے گی اور روس کو فائدہ پہنچےگا، ساتھ ہی روسی تیل کی قیمت کو فِکس کرنے کا مغربی ملکوں کا منصوبہ بھی کمزور پڑ سکتا ہے۔ اوپیک پلس تنظیم کا کہنا ہےکہ تیل پیداوار میں کمی کا فیصلہ عالمی معیشت اور تیل کی منڈی کے متعلق غیر یقینی صورت حال کے باعث لیا گیا ہے، تیل کی عالمی پیداوار میں کمی نومبر سے شروع کی جائےگی۔ ٰخیال رہے کہ کوویڈ وبا کے بعد سے اوپیک پلس کی جانب سے تیل کی پیداوار میں یہ سب سے بڑی کمی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں