اچھی خبریں آنے لگیں، گھی اور تیل کی قیمتوں میں 20 روپے فی کلو کمی یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ایک ماہ میں گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں 20 روپے فی کلو کمی یقینی بنانے اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے، ایک ماہ میں گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں 20 روپے فی کلوکمی یقینی بنائی جائے ، لیہ سے گندم کی فراہمی سے بلوچستان میں قیمت میں خاطر خواہ کمی آنی چاہیے۔

جبکہ ادارہ شماریات کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران 10 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، بجلی، ٹماٹر، ایل پی جی سلنڈر، کیلا، لہسن، دال مسور اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔اجلاس میں گندم اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ بدھ کو منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے آج اسلام آباد میں نیشنل پرائس کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ اجلاس کی صدارت کی جس میں نیشنل پرائس کنٹرول کے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔چیف اکانومسٹ ڈاکٹر ندیم جاوید، وزارت خزانہ، لائن منسٹریز، ایف بی آر، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان، پاسکو، اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے موجود تھے۔وفاقی وزیر نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی جس کے نتیجے میں گندم، آلو، ٹماٹر اور دیگر فصلوں سمیت اہم غذائی اجناس کو نقصان پہنچا، متعلقہ محکموں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا۔پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی بی ایس) نے سینسٹو پرائس انڈیکس (ایس پی آئی) پر رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 10 ضروری اشیا بشمول بجلی، ٹماٹر، ایل پی جی سلنڈر، کیلا، لہسن، دال مسور، خوردنی تیل وغیرہ کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ گندم سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

اجلاس میں 17 شہروں سے لیے گیے تخمینہ پر بھی غور کیا گیا۔ واضح رہے کہ سینسٹو پرائس انڈیکس (SPI) ہفتہ وار بنیادوں پرشمار کیا جاتا ہے تاکہ ملک میں قیمتوں کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ضروری اشیا کی قیمتوں کے اتار چڑھاو کا قلیل المدتی تخمینہ لگایا جا سکے۔مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں منافع خوری کے رجحان پر تجزیاتی جائزہ پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے ریٹیلرز کی جانب سے ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کرنے اور اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ کیونکہ تھوک اور ریٹیل منڈیوں کی قیمتوں کے مارجن میں واضح فرق ہے۔ وفاقی وزیر نے صوبائی حکومتوں اور اسلام آباد انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اشیائے ضروریہ کی ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں کے درمیان منافع کے مارجن کو کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔وزیر منصوبہ بندی نے صوبائی انتظامیہ کو منافع خوری پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی جبکہ عوام کو ریلیف کی منتقلی کے لیے متعلقہ ایسوسی ایشنز کے ساتھ رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔وزارت صنعت نے آگاہ کیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ تاہم بین الاقوامی مارکیٹ میں تیزی سے گراوٹ کا اثر مقامی مارکیٹ پر دیر سے پڑے گا ۔ وفاقی وزیر نے وزارت صنعت کو ہدایت کی کہ وہ اگلے ایک ماہ کے اندر گھی/ خوردنی تیل کی قیمتوں میں 20 روپے کی کمی کو یقینی بنائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی رسد میں زبردست کمی ہوئی ہے جس سے مجموعی طور پرقیمتو ں پر اثر پڑا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں