عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ہو گئی، انتہائی سستا ہو گیا

نیویارک (پی این آئی) عالمی مارکیٹ خام تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں، ساڑھے 3 ماہ کے دوران تیل 31 فیصد سستا ہو چکا۔تفصیلات کے مطابق تیل کی عالمی مارکیٹ میں پیر کے دن دوران ٹریڈنگ قیمتوں میں مزید کمی دیکھنے میں آئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 ماہ کے دوران پہلی مرتبہ عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 85 ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئی ہے۔

 

عالمی مارکیٹ میں فی بیرل امریکی خام تیل 76 ڈالرز جبکہ فی بیرل برطانوی خام تیل 83 ڈالرز کی سطح تک آ گیا، جبکہ چند ماہ قبل تک برطانوی تیل کی فی بیرل قیمت 120 ڈالرز سے بھی اوپر چلی گئی تھی۔ پیر کے روز دوران ٹریڈنگ امریکی خام تیل کی قیمت میں 2 فیصد جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی 2 فیصد سے زائدکمی دیکھنے میں آئی۔بتایا گیا ہے کہ ساڑھے 3 ماہ میں برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں 31 فیصد یعنی 38 ڈالرز کی کمی ہو چکی۔جون کے ماہ میں برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 121 ڈالرز کی سطح پر تھی، جو اب کم ہو کر 83 ڈالرز کی سطح پر آ گئی۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی اب بھی محدود ہے، تاہم مختلف وجوہات کے باعث تیل کی طلب اور کھپت میں بھی کمی آئی ہے۔ تیل کی طلب اور کھپت میں کمی آنے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ چینی حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے کئی بڑے شہروں میں لاک ڈاون لگا رکھا، جس باعث معاشی سرگرمیاں محدود ہیں اور تیل کی طلب اور کھپت معمول سے کم ہے۔

 

 

دوسری بڑی وجہ امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کو قرار دیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی ڈار کے مقابلے میں دنیا کی دوسری کرنسیوں کی قدر میں کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ممالک کیلئے تیل مہنگا ہو گیا ہے۔ تیل مہنگا ہونے کی وجہ سے اس کی طلب اور کھپت میں کمی آئی ہے۔یہاں واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ چند ہفتوں سے 100 ڈالرز کی سطح سے نیچے رہ رہی ہیں۔ تاہم پاکستان میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر زائل ہو چکا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close