عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں پیٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سامنے آگئی

لاہور (پی این آئی) عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے کے باوجود ملک میں پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کی وجہ سامنے آگئی۔ صحافی احتشام مفتی کی شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ڈالر کی قیمت بے قابو ہونے سے تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے اثرات زائل ہوگئے ہیں۔ روپے کی مسلسل بے قدری کی وجہ سے پاکستانی عوام کیلئے بدستور مہنگی قیمتوں پر پٹرول اور ڈیزل خریدنا مجبوری بن گئی ہے۔

 

واضح رہے کہ حکومت نے پٹرول مہنگا جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل سستا کر دیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا، مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 30 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق پیڑول کی نئی قیمت 237 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 245 روپے 43 پیسے برقرار رہے گی، مٹی تیل کی قیمت 202 روپے 2 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 197 روپے 28 پیسے فی لیٹرہوگئی۔جبکہ پی ٹی آئی رہنما مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اگر آج عمران خان کی حکومت ہوتی تو پٹرول 180 روپے کا ہوتا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے روپیہ اپنی قدر 60 روپے کھو چکا ہے۔دوسری طرف پٹرول 1.45 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا۔

 

مزمل اسلم نے کہا کہ سب برائی کی جڑ روپے کی قیمت ہے۔ اگر آج عمران خان کی حکومت ہوتی اور 30 روپے ٹیکس بھی شامل کر لیتے تو 180 روپے ہوتا۔ جبکہ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس وقت پٹرول کی اصل قیمت خرید 172 روپے ہے، حکومت کی جانب سے 1 لیٹر پٹرول پر مختلف ٹیکسز کی مد میں عوام سے 60 روپے سے زائد وصول کیے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close