پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بجائے اضافے کا امکان

اسلام آباد(پی این آئی)پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان۔ ستمبر کے بقیہ ایام کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے حکومت اندرونی اختلافات کا شکار ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر زور دیا جا رہا ہے، وزیرخزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنے کی تجویز دی ہے۔

 

جبکہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے پٹرولیم مصنوعات میں ریلیف کامطالبہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے۔ دوسری جانب جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان نہ کیے جانے پر تنازعہ کھڑا ہو گیا۔پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان نہ ہونے پر پیٹرول پمپس نےخریداری روک لی ہے ۔ذرائع کے مطابق پٹرول سستا ہونے کے امکان کے باعث پٹرول پمپس کمپنیوں سے پیٹرول نہیں خرید رہے۔ واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان تاخیر کا شکار ہے۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا معاملہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے ازبکستان کے شہر سمر قند میں موجود وزیر اعظم کے پاس ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق وزیر اعظم کے احکامات کی منتظر ہے، وزیر عظم کی طرف سے منظوری کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے کوئی فیصلہ ہو سکے گا۔

 

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کی سفارش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت 9.62 روپے کم ہوکر 235.98 روپے سے 226 روپے کرنے جبکہ ڈیزل کی قیمت 3.04روپے اضافے کے بعد 247.26 سے بڑھ کر 250.30 روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close