لاہور(پی این آئی) ڈالر کی قیمت 250 روپے تک پہنچ جانے کی پیشن گوئی، رواں مالی سال کے دوران روپے کی قدر میں بہتری آنے کا امکان نہ ہونے کے برابر، انٹربینک میں آئندہ چند روز کے دوران ڈالر کی قیمت 230 روپے سے تجاوز کر جانے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق معاشی ماہرین نے رواں مالی سال کے دوران روپیہ کی قدر مزید گر جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت آئندہ چند روز کے دوران 230 سے 235 روپے کی سطح تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ رواں مالی سال کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی اوسط قیمت 250 روپے رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق دوست ممالک سے توقعات کے باوجود قرض نہ ملنے، ترسیلات زر اور ایکسپورٹس میں کمی آنے کی وجہ سے مارکیٹ میں روپے پر بہت زیادہ دباو ہے۔رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 3 فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے، جبکہ ایکسپورٹس کا حجم بھی حکومت کے ہدف سے کم رہا ہے۔ ترسیلات زر اور ایکسپورٹس میں کمی آنے کے باوجود امپورٹس میں ضرورت کے مطابق کمی نہیں آئی، اسی لیے مارکیٹ میں ڈالر کی طلب میں اضافے کا رجحان برقرار ہے اور اسی وجہ سے ہر گزرتے دن کیساتھ ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ترسیلات زر اور ایکسپورٹس کا ہدف حاصل نہ ہونے اور امپورٹس میں کمی نہ آنے کا رجحان رواں مالی سال کے اختتام تک جاری رہنے کا امکان ہے، اسی باعث بظاہر روپے کی قدر میں اضافے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔ واضح رہے کہ منگل کے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 230 روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 1.70روپے کے اضافے سے 231.52روپے کی سطح پر پہنچ چکی، جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 2روپے کے اضافے سے 238روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں