بجلی 4روپے سے زائد سستی، نیپرا نے بڑی خوشخبری سنا دی

کراچی (پی این آئی) کراچی کے شہریوں کیلئے اچھی خبر آگئی،کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 4 روپے 12 پیسے فی یونٹ سستی کر دی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن میں کے الیکٹرک انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کراچی کے صارفین کو بجلی کی قیمت کم ہونے کا ریلیف ستمبر کے بلوں میں دیا جائے۔

 

 

بجلی جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سستی کی گئی ہے۔ نیپرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی سستی ہونے سے کراچی کے صارفین کو مجموعی طور پر 7 ارب 40 کروڑ روپے تک کا ریلیف ملے گا۔ واضح رہے کہ کے الیکٹرک صارفین کے علاوہ بجلی اکتوبر کیلئے 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی،نیپرا نے منظوری دی،اضافہ 2022۔21 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔فیصلے سے صارفین پر تین ماہ کیلئے 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا مزید بوجھ پڑے گا،نیپرا کے مطابق بجلی صارفین سے اکتوبر کے بلوں پر اضافی وصولیاں کی جائیں گی۔ اتھارٹی اعداد و شمار کا جائزہ لیکر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔ قبل ازیں پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا کے بجلی صارفین سے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وصولی پر حکم امتناع جاری کیا، عدالت میں بجلی بلوں پر صارفین سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وصولی کے بارے درخواست پر سماعت ہوئی،مقامی شہری نے عدالت میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وصولی کو چیلنج کیا اورشاہد قیوم خٹک ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی۔

 

عدالت نے دوران سماعت خیبر پختونخوا کے بجلی صارفین سے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وصولی پر حکم امتناع جاری کردیا۔ عدالت نے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسمنٹ کی وصولی روک دی اور اس حوالے سے متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close