ایل پی جی کی قیمت نے بھی تمام ریکارڈز توڑ دیئے، بلیک مارکیٹنگ بھی عروج پر پہنچ گئی

کراچی(پی این آئی) ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر پہنچ گئی، 212 روپے سرکاری قیمت والی ایل پی جی 380 روپے کی قیمت میں ملنے لگی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ نے ملک بھر میں سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دئیے ،اوگرا کی ستمبر کیلئے جاری قیمت 212 کی بجائے 270 سے 380روپے فی کلو میں فروخت جاری ہے، بعض سیلاب زدہ علاقوں میں گیس کی قیمت 270سے 300 روپے کلو وصول کی جا رہی ہے۔

 

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھرنے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو 10 ستمبر 2022 ملک گیر ہڑتال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک سلنڈر پلانٹ سے 3 ہزار سے لے کر3200 تک ڈسٹری بیوٹرز کو دیا جا رہا ہے جبکہ اوگرا نے ستمبر کے لئے کنزیومر پرائس 2496 روپے اونس کی ہے اب اگر پلانٹ والے ڈسٹری بیوٹرز کو 3200روپے میں ایکس پلانٹ سے سلنڈر دیںگے تو ڈسٹری بیوٹرز کیسے 2496 میں دکان پر فروخت کر سکتے ہیں؟ اس وقت پورے پاکستان میں کوئی بھی پلانٹ والا گیٹ پاس اور انوائس جاری نہیں کر رہا اگر کوئی کر رہا ہے تو وہ جعلی انوائس ہے خاص کر لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد میں سب سے زیادہ بلیک مارکیٹنگ جاری ہے ۔مقامی انتظامیہ صرف دکاندار والوں کو جرمانے کر رہی ہیں اور جو پلانٹس مہنگی گیس دے رہے ہیں ان کو کوئی بھی جرمانہ نہیں کر رہا ۔ اس وقت ہر پلانٹ بلیک مارکیٹنگ کی وجہ سے روزانہ کا 50 لاکھ روپے منافع کما رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں