گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستانی روپے کی ریکارڈ گراوٹ کے بعد مضبوطی کے باعث پاکستان آٹو موبیل مینو فیکچررز نے 26/27جولائی کو اپنے برانڈز میں جو قیمتیں بڑھائی تھیں پیر 15اگست کو اضافی قیمتوں کا پچاس فیصد ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ روزنامہ جنگ میں حنیف خالد کی شائع خبر کے مطابق جاپانی کمپنی ٹیوٹا کورولا کی قیمتوں میں 15اگست 2022ء سے اپنی مختلف برانڈز کی قیمتوں میں جو کمی کی گئی ہے اسکے مطابق کرولا 1.6ایم /ٹی کی 14اگست تک کی قیمت

جو 48لاکھ 99ہزار روپے تھی‘ 15اگست کو 3لاکھ 30ہزر روپے کم کر کے 45لاکھ 69ہزار روپے کر دی ہے۔ یہ تمام قیمتیں ایکس فیکٹری ہیں۔ ٹیوٹا کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ چونکہ یو ایس ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں گزشتہ کچھ دنوں سے اضافہ ہوا ہے اسلئے کمپنی نے روپے کی قدر میں اضافے کا فرق اپنے خریداروں کو ٹرانسفر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیوٹا کے مختلف برانڈز کی ریٹیل سیلز پرائس ایکس فیکٹری کراچی بشمول سی وی ٹی تمام ماڈلز کیلئے کم کر دی گئی ہے۔

پاکستان میں دوسری جاپانی موٹر وہیکلز مینو فیکچررز ہنڈا اٹلس کمپنی اور سوزوکی کمپنی اپنے برانڈز کی قیمتوں میں ایک دو روز میں اسی تناسب سے کمی کا اعلان کرنے والے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور انکی حکومت نے ملک میں قیمتوں میں بدترین اضافے کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام ملکی اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں جن کے نتیجے میں موٹر اسمبلرز اور دوسری بڑی کمپنیوں کی طرف سے اپنے اپنے برانڈز اور پیداواری آیٹمز کی قیمتوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کے تناسب سے کمی کی جائیگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں