لاہور (پی این آئی) پاکستان کے 75ویں جشن آزادی کے موقع پر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے ہیڈ آفس میں پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس علی جے ہمدانی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر علی جے ہمدانی نے حصولِ آزادی کے لیے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال،سر سید احمد خان اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح آزادی کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے تھے۔
ایم ڈی سوئی ناردرن نے کہا کہ یوٹیلٹی کمپنی کی حیثیت سے لاکھوں صارفین کی خدمت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی ناردرن کو اپنی کسٹمر سروسز کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ صارفین کی بہتر سے بہتر انداز میں خدمت کی جا سکے۔ ایم ڈی سوئی ناردرن نے بتایا کہ ملکی گیس ذخائر میں کمی کے پیشِ نظر کمپنی مختلف اقدامات کررہی ہے۔ خیبر پختونخواہ میں حال ہی میں دریافت ہونے والے گیس ذخائر کے حوالے سے ایم ڈی سوئی ناردرن نے بتایا کہ کمپنی اس منصوبے پر بھی کام کررہی ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر علی جے ہمدانی نے کہا کہ سوئی ناردرن اپنے اندرونی کاروباری عمل اور کسٹمر سروسز کو ڈیجیٹائز کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ا ن اقدامات سے کمپنی کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور آپریشنز کی شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ ایم ڈی سوئی ناردرن کا کہنا تھا کہ کمپنی نے یوایف جی میں کمی لا نے کے لیے اہم اقدامات کیے جس کے ذریعے 10.99 ارب روپے کے بعد از ٹیکس منافع کا اعلان ممکن ہوسکا۔
منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ کمپنی کے ایگزیکٹوزکی تنخواہوں پر نظرِثانی کی گئی ہے اور اس ضمن میں جونیئر افسران کو خصوصی ریلیف دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا ن اقدامات سے کمپنی کے محنتی افسران کو ریلیف مل سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوئی ناردرن گیس صنفی تنوع کے فروغ پر یقین رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس وقت کمپنی میں بہت سی خواتین اعلیٰ انتظامی عہدوں پر فائز ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کمپنی میں کام کرنے والی تمام خواتین کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
اس موقع پر ایم ڈی سوئی ناردرن گیس علی جے ہمدانی نے پودا بھی لگایا۔ تقریب میں کمپنی کی سینئر انتظامیہ اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں